Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

میڈیا میں بہتری لانے کیلئے عزم کا اظہار

شائع 06 مئ 2020 03:48pm

معاون خصوصی اطلاعات و چیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ وزارت اطلاعات اور میڈیا میں بہتری لانے کے لیئے اپنی تمام تر صلاحیتوں، تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کوششیں کروں گا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اطلاعات کے طور پر اضافی ذمہ داری ملی ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات و چیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کے وفد سے گفتگومیں کہا کہ سی پیک حقیقت ہے، منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ خنجراب سے گوادر تک کے دونوں روٹس کی تیز رفتار تکمیل کے لیے منصوبہ بندی کر لی۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ آنے والے چند ماہ میں رہ جانے والے حصوں کی سڑکوں کی تعمیر کے بڑے منصوبےشامل ہیں، سی پیک قومی منصوبہ ہے، دوسرا مرحلہ نہایت اہم اور جلد شروع ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  منصوبے کے دوسرے مرحلے میں زرعی، صنعتی، تجارتی، سائنس و ٹیکنالوجی شعبوں پر توجہ مرکوز ہے، چاروں صوبوں میں اقتصادی زونز فعال کرنا ترجیح ہے۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی کے منصوبے بھی دوسرے مرحلے میں شامل ہیں، پاک، چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد ہو گا۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت تمام خصوصی اقتصادی زونز پر کام تیزی سے جاری ہے، چین، پاکستان میں " پیسٹ کوکنٹرول سینٹر" قائم کرے گا، فصلوں کو بیماریوں سے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے بیجوں کا معیار بہتر بنایا جائے گا، پاکستانی طلباء کے لیئے سی پیک میں بڑی خوشخبری پر کام ہو رہے، 20 ہزار پاکستانی طلباء اسکالرشپس پر چین جائیں گے، اسکالرشپ منصوبے پر بہت پیش رفت ہو چکی، جلد اعلان ہو گا۔